اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جرمن پولیس نے پناہ گزینوں کی بھوک ہڑتال اور حالت خراب ہونے کے باجود میونخ کے قریب واقع کیمپ تباہ اور پناہگزینوں کو بے دخل کردیا ہے۔
میونخ کے نواح میں واقع پناہ گزین کیمپ میں اسی افراد مقیم تھے اورانہوں نے اپنی بے دخلی کے خلاف ایک ہفتے سے سے بھوک ہڑتال بھی کر رکھی ہے۔ کہاجا رہا ہے کہ جرمن پولیس نے جمعے کی شب پناہگزینوں کو نوٹس دیا تھا کہ وہ فوری طور پر عارضی رہائش گاہ کو خالی کردیں۔ جرمن جریدے زود دویئچے کے مطابق پناہ گزینوں کی بے دخلی کو یقینی بنانے کے لیے چھے سو پولیس اہلکاروں کو گزشتہ رات سے علاقے میں تعنیات کردیا گیا تھا۔پولیس نے یہ کارروائی بعض پناہ گزینوں کی بھوک ہڑتال اور حالت خراب ہونے کے باوجود کی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ پندرہ بھوک ہڑتالی پناہ گزینوں کو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔اس سے پہلے یورپ کے ایک اور ملک فرانس نے بھی پیرس کے قریب واقع پناہ گزین کیمپ کو پناہ گزینوں سے زبردستی خالی کرالیا تھا۔ پولیس نے شمالی پیرس کے محلے اسٹالن گراڈ اور پیرس انیس کے علاقے میں قائم کیمپ تباہ کردیئے تھے۔بدامنی، جنگ، غربت اور بے روزگاری سے تنگ آکر، افریقی ملکوں اور شام و عراق سے ہجرت کرکے یورپ آنے والے پناہ گزینوں کو یورپی ملکوں میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اگرچہ حکومت فرانس نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان پناہ گزینوں کو مختلف شہروں اور دیہاتوں میں بنائے گئے خصوصی کیمپوں میں تقسیم کر دے گی تاہم پناہ گزینوں نے اپنی مستقل بے دخلی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲